چیمپئنز ٹرافی: آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، مچل اسٹارک سمیت اہم کھلاڑی دستبردار

چیمپئنز ٹرافی: آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، مچل اسٹارک سمیت اہم کھلاڑی دستبردار

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل مزید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ذاتی وجوہات کی بنا پر ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔

 کرکٹ آسٹریلیا نے ان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے میڈیا سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔اس سے قبل کپتان پیٹ کمنز، فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ، اور آل راؤنڈر مچل مارش فٹنس مسائل کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ آل راؤنڈر مارکوس اسٹوئنس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ان غیر متوقع تبدیلیوں کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، جس کی قیادت اسٹیو اسمتھ کریں گے۔ اسکواڈ میں شان ایبٹ، الیکس کیری، بین ڈوارشیوس، نیتھن ایلس، جیک فریزر میکگرک، ایرون ہارڈی، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، سپینسر جانسن، مارنوس لبوشین، گلین میکسویل، تنویر سنگھا، میتھیو شارٹ، اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔

چیئرمین سلیکشن پینل جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ابتدائی اسکواڈ میں انجریز اور ریٹائرمنٹ کی وجہ سے متعدد تبدیلیاں کرنا پڑیں، اور ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے، اور آسٹریلیا اپنا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے گا۔