پاکستان، جنوبی افریقہ، اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری سہ فریقی کرکٹ سیریز میں آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل ہوں گی۔
یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور دونوں ٹیموں کے لیے سیمی فائنل کی حیثیت رکھتا ہے؛ فاتح ٹیم 14 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل کھیلے گی۔پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں: زخمی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ بیٹسمین کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ قومی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، سلمان علی آغا، فخر زمان، سعود شکیل، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، اور ابرار احمد شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ نے اس سیریز کے لیے چھ نئے کھلاڑیوں کو اپنی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ ٹیم کی قیادت ٹیمبا باووما کر رہے ہیں، اور نئے کھلاڑیوں میں میتھیو بریٹزکے، میکا ایل پرنس، سینوران مٹھوسامی، گیڈین پیٹرز، اور ایتھن بوش شامل ہیں۔ جرالڈ کوٹزی بھی انجری سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل بھرپور پریکٹس سیشنز کیے ہیں اور فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔