پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
لاہور ٹریفک پولیس نے اس حوالے سے مکمل ٹریفک انتظامات اور پارکنگ پلان جاری کر دیا ہے۔ سیریز کے دوسرے میچ کے سلسلے میں، ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق، ایک ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ روڈز کی روانی برقرار رہے اور کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
پارکنگ کے لیے مختلف مقامات مختص کیے گئے ہیں:
گلبرگ کالج پارکنگ: فیروزپور روڈ سے آنے والوں کے لیے، کلمہ چوک سے ٹرن لے کر نیشنل پارک سے گورنمنٹ کالج گلبرگ میں پارکنگ۔
لبرٹی پارکنگ: ڈیفنس اور کینٹ سے آنے والے شرکاء حسین چوک یا شیر پاو برج سے ہوتے ہوئے مین بلیوارڈ گلبرگ سے لبرٹی پارکنگ میں پارک کریں گے۔
سن فورٹ ہوٹل پارکنگ: مغل پورہ اور گڑھی شاہو سے آنے والے، مین بلیوارڈ گلبرگ سے سن فورٹ ہوٹل لبرٹی پارکنگ میں پارک کریں گے۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ کسی بھی روڈ کو مستقل بند نہیں کیا جائے گا۔ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ سمیت دیگر اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ فیروز پور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ پر معمول کے مطابق ٹریفک چلتی رہے گی، اور شہریوں کو رانگ پارکنگ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہری راستہ ایپ اور راستہ FM 88.6 کے ذریعے ٹریفک کی معلومات حاصل کرتے رہیں گے، تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔