قتل یاخودکشی ؟ناصرباغ سے خاتون کی درخت سے لٹکی لاش برآمد

باغ میں صبح کی سیر کے لیے آنیوالوں نے پولیس کا اطلاع دی،لاش مردہ خانے منتقل کردی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر) پرانی انارکلی کے علاقے میں ناصر باغ سے نامعلوم خاتون کی درخت سے لٹکی ہوئی لاش برآمد، پولیس نے لاش پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے قتل اور خودکشی سمیت دیگر پہلوئوں پر تفتیش کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ناصر باغ میں درخت سے خاتون کی لٹکی لاش دیکھ کر سیر کے لیے آنے والے افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر کے قتل اور خودکشی سمیت دیگر پہلوئوں پر تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی عمر 35سال کے قریب ہے جس کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ہے۔ بظاہر اس کے جسم پر کوئی تشدد کے نشانات موجود نہ ہیں اس نے خودکشی کی یا اسے قتل کیا گیا ہے ،پورسٹمارٹم رپورٹ آنے پر معلوم ہوگا،جس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔