سینیٹری ورکر کی کھمبے سے لٹکی لاش برآمد

 متوفی کی شناخت اکبر کے نام سے ہوئی ، شیرا کوٹ کا رہائشی تھا، خودکشی یاقتل، تحقیقات،مقدمہ درج
 لاہور(کرائم رپورٹر)ساندہ کی حدود میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے 56 سالہ سینیٹری ورکر کی لاش کھمبے سے لٹکی ہوئی برآمد ہوئی پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت اکبر ولد لال مسیح کے نام سے ہوئی ہے، جو شیرا کوٹ کا رہائشی تھاواقعے کی منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینیٹری ورکر کی لاش تار کے ساتھ کھمبے پر لٹک رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جن میں خودکشی، قتل اور دیگر ممکنہ وجوہات بھی شامل ہیں۔ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ساندہ کے علاقے میں ستھرا پنجاب پروگرام کے صفائی ورکر کی لاش ملنے کے معاملے پر پولیس نے مقتول کے بیٹے وقار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیاایف آئی آر کے مطابق مقتول اکبر مسیح کو تار سے پھانسی دے کر قتل کیا گیا۔ مدعی کے مطابق اکبر مسیح ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا کام کرتے تھے۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔