سندھ ہائیکورٹ کا سپیشل جوڈیشل الائونس فوری طور پر غیر منجمد کرنے کا حکم

 عملدرآمد نہ کیا گیا تو سیکرٹری فنانس ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،عدالت ،سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی  
  کراچی(آئی این پی )سندھ ہائی کورٹ نے سپیشل جوڈیشل الائونس فوری طور پر غیر منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔جوڈیشل الائونس کی عدم ادائیگی سے متعلق جوڈیشل عملے کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے سپیشل جوڈیشل الائونس کو فوری غیر منجمد کرنے کا حکم دیا۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیا سندھ حکومت نے سپریم کورٹ سے حکم امتناع حاصل کیا؟ جس پر سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ سندھ حکومت نے درخواست دائر کر رکھی ہے تاحال حکم امتناع نہیں مل سکا۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جوڈیشل الائونس دینے کے عدالتی فیصلے پر تاحال عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ یہ صرف ایک الائونس کا معاملہ نہیں ہے، سرکاری ملازمین کے 100سے زائد الائونسز ہیں، سندھ حکومت کے پاس اتنی رقم موجود نہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے، آپ نے حکم کے مطابق واجبات ادا کرنے ہیں۔عدالت نے سپیشل جوڈیشل الائونس کو فوری غیر منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر عملدرآمد نہ کیا گیا تو سیکرٹری فنانس ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔