امارات سمیت 6ملکوں سے مزید 100پاکستانی بے دخل، 17گرفتار

سعودی عرب ، عمان،سومالی لینڈ ،کینیڈا ،عراق سے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پرپاکستانیوں کو واپس بھیج دیاگیا
 اسلام آباد (آئی این پی )سعودی عرب، کینیڈا ، متحدہ عرب امارات سمیت6ملکوں سے 24گھنٹے کے دوران مزید 100پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا جن میں سے سعودیہ سے واپس بھیجے گئے 17افراد کو حراست میں لے کر انسداد انسانی سمگلنگ منتقل کر دیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق گذشتہ 24گھنٹے کے دوران سعودی عرب میں 4بلیک لسٹ، 13بھکاریوں، پاسپورٹ میں قوائد کی تبدیلی اور زائد المیعاد قیام پر 5، معاہدے کی خلاف ورزی پر 16، کام سے مفرور پر 23، کفیل کے بغیر کام کرنے پر 13، زائد المیعاد قیام پر 3 پاکستانیوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ عمان، سومالی لینڈ اور امارات میں بلیک لسٹ پر 4 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کینیڈا میں زائد المیعاد قیام پر 1، عراق میں غیرقانونی داخلے اور زائد المیعاد قیام پر 7 ، امارات میں دستاویزات نہ ہونے پر 1، جیل سے رہا کرکے 9پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔