ضلع میں گیس ختم ہونے پر تندور اور ہوٹل بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ، حکام
پشاور(آئی این پی ) ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے قائم جرگہ تاحال کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا۔ جرگہ ذرائع کے مطابق گرینڈ امن جرگہ گذشتہ روز کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تاہم کوہاٹ میں مذاکراتی عمل جاری ہے ۔دوسری جانب پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت آمدورفت کے تمام راستے تاحال بند ہیں جس سے اشیائے خورونوش، پٹرول اور ادویات کی شدید قلت ہوگئی ہے جب کہ علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ حکام کے مطابق ضلع میں گیس ختم ہونے پر تندور اور ہوٹل بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ اس حوالے سے ایم این اے انجینئر حمید حسین کا کہنا ہے کہ پائیدار امن کے قیام کا واحد حل مرکزی شاہراہ محفوظ بنانا ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود نے کہا کہ حالات معمول پر لانے اور متاثرین کی امداد کے لیے اقدامات جاری ہیں۔