پاکستان اور عراق وزرائے داخلہ کی برسلز میں ملاقات، زائرین کی سہولت اور سکیورٹی تعاون پر اتفاق

پاکستان اور عراق وزرائے داخلہ کی برسلز میں ملاقات، زائرین کی سہولت اور سکیورٹی تعاون پر اتفاق

برسلز میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور عراقی وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک-عراق دوطرفہ تعلقات، زائرین کی سہولت، سکیورٹی تعاون اور انسداد دہشت گردی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ عراق جانے والے زائرین کے لیے مقررہ مدت سے زائد قیام کی اجازت نہیں ہوگی اور دونوں ممالک کے ادارے اس ضمن میں مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ عراقی وزیر داخلہ نے پاکستان کی جانب سے زائرین گروپس کی منظم نگرانی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ فہرست میں شامل تمام زائرین کو عراق آنے کی اجازت ہوگی۔دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور معلومات کے تبادلے کے لیے ایک مضبوط اور مستقل مشترکہ میکانزم قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے پاکستانی زائرین کی سلامتی، عزت اور سہولت کو حکومت پاکستان کی اولین ترجیح قرار دیا اور عراقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی روایتی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔عراقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ زائرین کی سہولت اور سکیورٹی تعاون کے لیے آئندہ کا مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔