اسرائیل اور بھارت میں دفاعی تعاون خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے دفترخارجہ

پاکستان افغان عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی درخواست پر امداد بھجوا رہا ہے، وصولی طالبان پر منحصر ہے، بھارتی وزیر دفاع کا متنازع بیان انتہائی قابل مذمت ہے
ناروے کے سفیر کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر سخت ڈیمارش‘، اپنی خودمختاری میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی:ترجمان  کی بریفنگ
اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے  پاکستان افغان عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی درخواست پر امداد بھجوا رہا ہے،  اب امداد کی وصولی طالبان حکام پر منحصر ہے ۔ بھارتی وزیر دفاع کا حالیہ متنازع بیان  انتہائی قابل مذمت ہے، بھارت کی ریاستی پشت پناہی میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی جاری ہے۔  اسرائیل اور بھارت کے دفاعی تعاون پر پاکستان پہلے بھی اپنے خدشات کا اظہار کرتا رہا ہے،  بھارت کے ذریعے خطرناک ہتھیاروں تک دہشت گردوں کی ممکنہ رسائی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ  طاہر اندرابی نے ہفتہ وار  پریس بریفنگ کے دوران بتایا  تقریباً 2800 کشمیری بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید ہیں، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کا ایک اعلی سطح وفد جلد ترکمانستان کا دورہ کرے گا، جس کی تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔ دریں اثناء  وزارتِ خارجہ نے ناروے کے سفیر کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے پر سخت ترین ڈیمارش جاری کر دیا ہے۔۔ دفتر خارجہ نے اس بات کی جانب بھی توجہ دلائی کہ ناروے کی مختلف این جی اوز، خصوصاً وہ تنظیمیں جو انسانی حقوق کے نام پر سرگرم ہیں، پاکستان میں ایسے عناصر کو سپورٹ فراہم کرتی ہیں جو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔پاکستان نے اس انتہائی غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے بعد ناروے کے سفیر کو ڈیمارش جاری کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔