پاکستان میں دہشتگردی سے متعلق اکائونٹس افغانستان اور بھارت سے آپریٹ ہوتے ہیں ‘ ہمارے پاس اس کا ثبوت موجود ہے ‘ سوشل میڈیا ادارے تعاون نہیں کرتے
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فوری طور پر پاکستان میں اپنے دفاتر کھولیں اور ان اکائونٹس کے خلاف کارروائی کی جائے:وزیرمملکت کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(آن لائن)وزیر مملکت برائے امور داخلہ طلال چودھری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر پاکستان میں اپنے دفاتر کھولنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے پاکستان میں دہشتگردی سے متعلق اکاونٹس افغانستان اور بھارت سے آپریٹ ہوتے ہیں اور ہمارے پاس اس کا ثبوت موجود ہے مگر سوشل میڈیا ادارے تعاون نہیں کرتے۔وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل کے ساتھ انٹرنیشنل میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے طلال چودھری نے کہا بھارت اور افغانستان سے آپریٹ ہونے والے اکاونٹس کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کر دی گئیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز قانونی تقاضوں کے مطابق اپنے دفاتر پاکستان میں کھولیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر فوری طور پر پاکستان میں بند نہیں کرنا چاہتے ۔طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس جو دہشتگردی میں استعمال ہو رہے ہیں ان کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے ،سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بارہا درخواست کی گئی ہے ان اکاونٹس کیخلاف کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج ،بی ایل اے سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کے درجنوں سوشل میڈیا اکاونٹس کی نشاندہی کی گئی ہے‘انہوں نے کہا سوشل میڈیا کمپنیاں پاکستانی قوانین پر عمل کریں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی‘بیرسٹر عقیل نے کہا برازیل میں ایکس پر جرمانے سے متعلق مثال موجود ہے،ہمارے ملک میں موجود سوشل میڈیا قانون پر عمل ہونا چاہیے ۔ پاکستان میں دہشتگردی سے متعلق اکاونٹس افغانستان اور بھارت سے آپریٹ ہوتے ہیں اور ہمارے پاس اس کا ثبوت موجود ہے۔