آئین کی سر بلندی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے،پی ٹی آئی رہنما کی نجی ٹی وی سے گفتگو
پشاور(آئی این پی)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماسلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ہمیں اس ملک میں اپنے حقوق اور جمہوریت کیلئے لڑنا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے لئے لڑنا ہے اور لڑتے رہیں گے، آئین کی سر بلندی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان افسردہ ہیں، گولی نہیں چلنی چاہیے تھی۔ دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کی راہداری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر سماعت کی، سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے سلمان اکرم راجا کی تین ہفتوں تک راہداری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔