آج انتظار پنجوتھہ اغواءہوا کل آپ اور پرسوں میں ہوں گا: سلمان اکرم راجا

اغواءکار کون ہے یہ میں بھی جانتا ہوں اور آپ بھی،کیا اس پاکستان کیلئے جدوجہد کی گئی تھی؟ ،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی
 اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ عمران خان کی قانونی ٹیم کے کلیدی رکن ہیں، آج سے چار ہفتے قبل ان کو اغواءکیا گیا اور گذشتہ رات انہیں بازیاب کیا گیا، جس حالت میں اور جس ڈرامے کے ذریعے ان کو بازیاب کیا گیا یہ شرمناک ہے، یہ واقعہ ہم سب کو یہ بتاتا ہے کہ ہم اس ملک کے غلام ہیں اور ہماری زندگیوں کے ساتھ کچھ بھی کیا جاسکتا ہے کچھ بھی کھلواڑ ہوسکتا ہے، ہم سے یہ توقع ہے کہ ہم اچھے بچے بن کر سر جھکاکر فرمانبردار ہوجائیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سامنے ایک وحشت زدہ چہرہ ہے، ایک ایسے شخص کا چہرہ ہے جس نے عمران خان کا ساتھ دیا، ایک جھوٹے انکاؤنٹر کے ذریعے کہا گیا کہ ہم نے ان کو بازیاب کیا ہے، مغوی سے تاوان مانگا گیا۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے خاندان سے ان چار ہفتوں کے دوران کسی نے ایک روپیہ بھی بطور تاوان نہیں مانگا، یہ سب جھوٹ پر مبنی ایک کہانی ہے، اصل اغوا کار کون ہیں یہ آپ اور میں جانتے ہیں، اب ہم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم نے ایسے ہی زندگیاں گزارنی ہیں؟ کل آپ اغواءہوں گے اس سے اگلے دن میں اغوا ءہوجاؤں گا، اس کے بعد اسی بے چارگی کی حالت میں ہمیں ڈھونڈا جائے گا، ہمیں پیش کیا جائے گا، ہماری ویڈیو بنائی جائے گی، ہمیں تمام دنیا کے سامنے ایک عبرت کا نشان بنا کر پیش کیا جائے گا۔