دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں، ایوان ہمیں انصاف دے، ہم اس ایوان میں مذاکرات کرکے اپنے اوپر ظلم کا حساب چاہتے ہیں
ہم نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے اسے کمزوری نہ سمجھا جائے‘احتجاج میں لوگ غیر مسلح تھے:قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے پارلیمنٹ ہمیں مذاکرات کے ذریعے راستہ فراہم کرے، اب 9 مئی کی دھول بیٹھنی چاہئے، ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی اور گولیاں چلائی گئیں، ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں۔بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا یہ جمہوریت کا حصہ ہے کہ عوام سڑکوں پر احتجاج کرتے ہیں، ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی، ان پر گولیاں چلائی گئیں، دنیا میں کہیں بھی پرامن مظاہرین پر گولیاں نہیں چلیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مظاہرین میں کسی کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا، اگر فائرنگ ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری تو عائد ہونی چاہیے۔ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں یہ ایوان ہمیں انصاف دے۔انہوں نے کہا ہم اس ایوان میں مذاکرات کرکے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کا حساب چاہتے ہیں، ہم اس ایوان سے مذاکرات کے ذریعے راستہ چاہتے ہیں، ہم نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر ہمیں مذاکرات سے راستہ نہ دیا گیا تو پھر سے سڑکوں پر آئیں گے، ہمیں بار بار سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے، وزیر دفاع نے عجیب منطق دی کہ گولی علی امین گنڈاپور کے گارڈز نے چلائی، یہ عجیب بات ہے کہ حکومت یہ ماننے کو تیار نہیں کہ گولی بھی چلی