اپوزیشن کا پارلیمنٹ فلور پر آکر بات شروع کرنا قابل تحسین اقدام ہے وزیرقانون

یہاں بات زیادہ بہتر طریقے سے پہنچتی ہے کیونکہ باہر تو دونوں طرف سے غلیلیں چل رہی ہوتی ہیں  اور بہت کچھ ہو رہا ہوتا ہے
لشکر کشی چھوڑ کر پارلیمان میں آنے پر عمر ایوب کو سراہتا ہوں‘شاید نیت دنوں کی یہی ہوتی ہے  پاکستان آگے بڑھے: قومی اسمبلی میں اظہار خیال 
    اسلام آباد(یواین پی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے  لشکر کشی چھوڑ کر پارلیمان میں آنے کو ترجیح دینے پر عمر ایوب کو سراہتا ہوں،اپوزیشن کا پارلیمنٹ کے فلور پر آکر بات شروع کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو ایوان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہاکہ اچھا ہوا کہ انہوں پارلیمانی جمہوریت کے حسن میں اضافہ کرتے ہوئے لشکر کشی چھوڑ کر پارلیمان میں آنے کو ترجیح دی اور یہاں پر بات کرنا شروع کی۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ بھی اسی چیز کا دیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کی بات سنیں اور سمجھائیں، یہاں بات زیادہ بہتر طریقے سے پہنچتی ہے کیونکہ باہر تو دونوں طرف سے غلیلیں چل رہی ہوتی ہیں اور بہت کچھ ہورہا ہوتا ہے اور یہاں ہم منطق سے بات کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا شاید نیت دنوں کی یہی ہوتی ہے کہ پاکستان آگے بڑھے، پاکستان کے عوام کا بھلا ہو، پاکستان ترقی کرے، خوشحالی میں جائے اور اس میں ظاہر ہے کبھی اختلاف ہوتا ہے اور کبھی اتفاق ہوجاتا ہے، میری یہ دعا ہے کہ زیادہ باتوں پر اتفاق ہوا کرے۔