حکومت اور اپوزیشن کے تعلقات میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں‘ ملکی مفاد میں ہونے والی قانون سازی میں اپوزیشن کو بھی مثبت کردار ادا کرنا چاہیے:سپیکر
اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی سربراہی میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق اسپیکر اسد قیصر سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کے دوران محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ یہ معاملہ اس وقت سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اور جیسے ہی عدالت سے فیصلہ آتا ہے، اس پر غور کیا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف پر زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ میں تعمیری کردار ادا کرے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے تمام جمہوری قوتیں مل بیٹھ سکیں۔ایاز صادق نے کہا کہ میں بطور اسپیکر آج بھی حکومت اور اپوزیشن کے تعلقات میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔’ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مفاد میں ہونے والی قانون سازی میں اپوزیشن کو بھی مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔