حکومت ، پی ٹی آئی رابطے بحال
مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے، مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تنائو میں کمی لانا ہو گا، فریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین کے نام مشاورت سے دیں گے،ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنمائوں کی ملاقات سپیکر ہائوس میں ہوئی،ذرائع
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)حکمران جماعت (ن) لیگ اور اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہوگئے۔ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا نے سپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ موجود تھے۔ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کے فورم کے استعمال کی تجویز سپیکر ایاز صادق نے دی۔ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز کو پی ٹی آئی اور حکومت دونوں نے تسلیم کر لیا۔ طے پایا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تنائو میں کمی لانا ہو گا، فریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین کے نام مشاورت سے دیں گے۔ذرائع کے مطابق ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنمائوں کی ملاقات سپیکر ہائوس میں ہوئی، اس سے پہلے اسد قیصر اور سلمان اکرم راجا نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی تھی۔