لاہور(کرائم رپورٹر) یومِ اقلیتیں کے موقع پر لاہور پولیس نے اقلیتی برادری کے تحفظ، مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں، اقلیتی برادری کو بھی مساوی قانونی حقوق اور تحفظ حاصل ہے۔ اقلیتی برادری ملکی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اقلیتی شہریوں کے جان و مال، عزت و وقار اور مذہبی آزادی کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اقلیتی شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور قانونی معاونت کے لیے لاہور میں میثاق سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں شکایات کے ازالے اور مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ لبرٹی مارکیٹ، مزنگ اور کاہنہ میں قائم میثاق سنٹرز سے اب تک 64 ہزار 351 اقلیتی شہری مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ انہیں مجموعی طور پر 56 ہزار 246 سروسز فراہم کی گئیں اور 8 ہزار 105 شہریوں کے مسائل حل کیے گئے۔ میثاق سنٹرز سے استفادہ کرنے والے تمام 64 ہزار 351 شہریوں نے فراہم کردہ سروسز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا تھا کہ اقلیتی شہری کسی بھی مسئلے یا شکایت کی صورت میں بلاخوف میثاق سنٹرز سے رجوع کریں۔ عبادت گاہوں، مذہبی اجتماعات اور اقلیتی شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام پْرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ لاہور پولیس اقلیتی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔