عوام کی مذہبی اقدار کو شدید ٹھیس پہنچائی گئی ہے،مولانا مامون،عبوری حکومت کے کمیشن کو تحلیل کرنے کامطالبہ
ڈھاکا (آئی این پی )بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہزاروں افراد نے اسلامی تنظیم حفیظتِ اسلام کے زیرِ اہتمام ایک بڑے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، جس میں مسلم خواتین کو مساوی وراثتی حقوق دینے کے حکومتی منصوبے کی شدید مخالفت کی گئی۔ مظاہرین نے اسے اسلامی شریعت کے خلاف سازش قرار دیا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ڈھاکا یونی ورسٹی کے قریب جمع ہونے والے تقریبا بیس ہزار مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا: ہماری خواتین پر مغربی قوانین مسلط نہ کرو جاگو بنگلا دیش!۔تنظیم کے رہنما مولانا مامون الرحمن حق نے مطالبہ کیا کہ اصلاحات کی سفارشات پیش کرنے والے عبوری حکومت کے کمیشن کو تحلیل کیا جائے اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی وراثتی قوانین کو عدم مساوات کی بنیاد قرار دے کر عوام کی مذہبی اقدار کو شدید ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔