نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حافظ نعیم کا عالمی دن پر پیغام

نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حافظ نعیم کا عالمی دن پر پیغام

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے نوجوانوں کو باصلاحیت اور باوقار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے ان کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی ترقی کے لیے وسائل فراہم کرنا ضروری ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے زور دیا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے مواقع فراہم کرے اور انہیں مفت آئی ٹی تعلیم سے بھی روشناس کروایا جائے۔
انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے بنو قابل پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے اور باعزت روزگار فراہم کرنے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے اور نوجوانوں کی ترقی ہی قوم کی پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی کنجی ہے۔