مسلم لیگ ق کو ڈرائنگ روم کی سیاست سے باہر نکالیں گے:چودھری شافع

بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ، مضبوط امیدوار اتاریں گے:غلام مصطفی ملک سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما و صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری  شافع حسین نے کہا ہے  مسلم لیگ (ق) کو فعال، متحرک اور مضبوط سیاسی قوت بنانے کے لیے ڈرائنگ روم کی سیاست سے باہر نکل کر عوام اور کارکنوں کے درمیان جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیمی کارکردگی کی خود نگرانی کریں گے، کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں اور مضبوط امیدوار میدان میں اتارنے کے لیے ابھی سے کام شروع کیا جائے۔چودھری  شافع حسین سے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے ملاقات کی، جس میں پارٹی امور، تنظیم سازی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر غلام مصطفیٰ ملک نے گلگت بلتستان کے حالیہ دورے، آزاد کشمیر انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔