عمران خان سے ملاقات نہیں ہوگی، پی ٹی آئی 20لاکھ بندوں کا بندوبست کرے: رانا ثناء اللہ

20 لاکھ وہ کہہ رہے ہیں تو چلو 10،20 ہزار کم سے بھی گزارا ہوجائے گا، لگتا ہے  پارٹی کے ساتھ دوبارہ ہاتھ ہوگیا:مشیر سیاسی امور
 اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے  کہا ہے  جمعرات تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوگی، پی ٹی آئی اگر 20 لاکھ افراد اسلام آباد لانے کا دعویٰ کر رہی ہے تو وہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو اکٹھا کرنے کا انتظام کرے۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 20 لاکھ افراد لانے کی بات کی جا رہی ہے، اس لیے اب دیکھتے ہیں کہ وہ واقعی اتنی بڑی تعداد اسلام آباد لانے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں، 10، 20 ہزار افراد کم بھی ہوں تو گزارا ہو جائے گا لیکن پی ٹی آئی کو چاہیے کہ پہلے اپنے دعوے کے مطابق 20 لاکھ افراد اسلام آباد لانے کی کوشش کرے۔وفاقی مشیر نے پی ٹی آئی کے احتجاجی لائحہ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ پارٹی کے ساتھ دوبارہ ہاتھ ہوگیا ہے اور جب وہ اپنے اعلان کردہ ہدف کو پورا نہیں کر سکیں گے تو ناکام ہو جائیں گے، اس کے بعد ایک صاحب کو دوبارہ اسی تنخواہ میں گزارا کرنا پڑے گا اور جو کچھ اس وقت ان کے پاس ہے، اس سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔