پیٹرولیم ڈیلرز کا قیمتوں کے ماہانہ نظام کی بحالی کیلئے حکومت کو 15 روز کا الٹی میٹم

لاہور(آئی این پی) پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کرنے کیلئے حکومت کو 15 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ملک خدا بخش نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے ہر 30 روز بعد کیا جائے، ڈیلرز کے منافع کا مارجن کم از کم 8 فیصد مقرر کیا جائے، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ملک خدا بخش نے کہا کہ ڈیلرز کا سرمایہ ختم ہورہا ہے، پیٹرول منگوانے کے پیسے نہیں بچیں گے، پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ ہے، پیٹرول نہ ملا تو عوام میں بے چینی اور امن و امان کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اور پمپس پر توڑ پھوڑ کے واقعات کا خدشہ ہے۔دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہونے سے ڈیلرز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے