مال روڈ پر پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا‘ہلاک دہشتگرد محمد حسین پی ٹی آئی کی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی ہدایات پر عمل کرتا تھا‘دھرنوں میں فورسز کو نشانہ بناتا تھا:سیکورٹی ذرائع
ملکی ترقی اور خوشحالی پاکستان تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہو رہی ہے‘پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد کارفرما ہیں:عطاء تارڑ‘
پی ٹی آئی کا ہلاک ہونے والے شخص سے کوئی تعلق نہیں رہا، پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے:سلمان اکرم راجہ
راولپنڈی(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مال روڈ راولپنڈی پر سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو ہلاک کردیا‘ملز م کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا‘سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نا م سے ہوئی ہے جو پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم محمد حسین کے قبضے سے پارٹی پرچم ، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ذرائع نے کہا شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے ہلاک دہشتگرد محمد حسین پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن تھا ، ہلاک دہشتگرد محمد حسین جماعت کی جملہ قیادت سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی ہدایات پر عمل کرتا تھا۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ احتجاجی دھرنوں کے دوران ہلاک دہشتگرد محمد حسین اشتعال انگیز ی ، پتھراؤ اور فائرنگ بھی ملوث رہا ہے، احتجاجی دھرنوں کے دوران ہلاک دہشتگرد محمد حسین سیکیورٹی فورسز کو اسلحہ کے ذریعہ نشانہ بناتا تھا۔۔ملزم محمد حسین کے قبضے سے پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے ملکی ترقی اور خوشحالی پاکستان تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہو رہی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کرکے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں اور یہ ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد کارفرما ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی امن و امان کی صورتحال کو تباہ کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔‘سلمان اکرم راجہ نے مال روڈ پر ہلاک پی ٹی آئی کارکن سے لاتعلقی کا اظہار کردیا‘انہوں نے کہا پی ٹی آئی کا کسی دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں رہا، وہ کس گروہ کا تھا، اکیلا تھا، پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے