ایک ہی جماعت فوج کو کمزور کرنا چاہتی ہے تاکہ بیرونی قوتیں کوئی فائدہ اٹھاسکیں، یہ سب گولڈ اسمتھ کا ایجنڈا ہے
خیبرپختونخوا کابینہ کے ارکان کا سول نا فرمانی کی کال کو مسترد کرنا احسن عمل ہے:وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے پی ٹی آئی نے قوم اور سیاست میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، آج وہ خود اسی تقسیم کا شکار ہوگئی ہے،خیبرپختونخوا کابینہ کے ارکان کا سول نا فرمانی کی کال کو مسترد کرنا احسن عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کیا۔انہوںنے کہا کہ صحافیوں کو آن لائن ہراساں اور ٹارگٹ کرنے کی مہم ناقابل برداشت ہے، صحافیوں کے خاندانوں تک رسائی حاصل کرکے انہیں دھمکانے کی بات کی جارہی ہے، ہم نے پالیسی فیصلہ کرلیا ہے، ایسے لوگوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، سب کی شناخت کرلی گئی ہے، ایسے لوگوں کو پکڑ کر آپ کے سامنے لائیں گے ‘ پی ٹی آئی نے فوجی کمپنیوں کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل تو کردی، لیکن انہوں نے کبھی اسرائیلی کمپنیوں کے بائیکاٹ کی بات نہیں کی، یہ لوگ فلسطین کے حق میں ہونے والی اے پی سی میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے، گولڈاسمتھ کی فنڈنگ لینے کی یہ مجبوریاں ہیں، یہ ملکی مصنوعات کے پیچھے پڑے ہیں، جو سستی ہیں اور عوام استعمال کرتے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔ جو کوئی بھی فوج اور سلامتی کے اداروں کو کمزور کرتا ہے، وہ پاکستان کے مخالف ملکوں کے پروپیگنڈے کے ساتھ ہوتا ہے، ایک ہی جماعت فوج کو کمزور کرنا چاہتی ہے تاکہ کوئی بیرونی قوتیں کوئی فائدہ اٹھاسکیں، یہ سب گولڈ اسمتھ کا ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی بھی اسی سلسلے کی سازش تھی کہ فوج پر حملے کرو، انہیں اتنا کمزور ثابت کردیا جائے کہ دشمن کو بھی آسانی ہوسکے، آپ میں اتنی ہمت ہے کہ آپ فوج سے ٹکر لے سکیں ؟ ایک صاحب کہا کرتے تھے کہ ہم ٹکر کے لوگ ہیں، وہ کدھر ہیں؟، انتشار پھیلانے والوں کا بندوبست کیا جائے گا۔