قاسم اور سلیمان کی سیاست میں شمولیت پر کوئی پابندی نہیں:عمر ایوب

 قاسم اور سلیمان کی سیاست میں شمولیت پر کوئی پابندی نہیں:عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان جب بھی پاکستان آئیں، ان کا خیرمقدم کیا جائے گا، اور اگر وہ سیاست میں شامل ہونا چاہیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ سیاست میں کٹھن حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن عمران خان کے بیٹے مضبوط اعصاب کے مالک ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت تھی کہ احتجاج مقامی سطح پر رکھا جائے، اور اگر عمران خان نے اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کیا تو ہم ان کی ہدایت پر عمل کریں گے۔انہوں نے پنجاب میں پولیس پر الزام لگایا کہ وہ ظلم و بربریت پر اتر آئی ہے، اور ماضی میں حکومت سے مذاکرات کی کوشش کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت اتنی کمزور ہے کہ اپنی مرضی سے پٹواری بھی تعینات نہیں کر سکتی، ایسے میں مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ انہیں علم نہیں کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل سے رہائی کے لیے کوئی پیشکش کی گئی ہے، تاہم اگر ایسی کوئی ڈیل بھی پیش کی جائے تو عمران خان اسے قبول نہیں کریں گے۔