راولپنڈی میں ایک دن کے وقفے کے بعد ڈینگی مچھروں کے حملوں میں پھر شدت آگئی ہے، جس سے صورتحال تشویش ناک ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ضلع بھر میں 32 نئے ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1,764 تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران 35 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، اور اب تک 19,504 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ڈینگی کنٹرول کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں، جنہوں نے 13,59 ٹیمیں کام پر لگائی ہیں، اور 60 لاکھ 45 ہزار سے زائد گھروں کی چیکنگ کی گئی ہے۔ سرویلنس کے دوران 1 لاکھ 71 ہزار 838 مقامات سے لاروا برآمد ہوا، جن میں سے 76 ہزار 598 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ خلاف ورزی پر 4,662 ایف آئی آرز درج کی گئی، 1,856 عمارتیں سیل کی گئی، اور لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 18 دیہی اور 12 شہری علاقے شامل ہیں۔ اس وقت مختلف اسپتالوں میں 62 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سب سے زیادہ 4 مریض بارہ کہو سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ٹیموں نے 41,776 مقامات کا معائنہ کیا، جن میں سے 278 گھروں اور 4 کمرشل سائٹس پر مثبت لاروا کی نشاندہی ہوئی ہے۔