وزیراعظم کا نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام: "پاکستان کی نوجوان آبادی عزم و ہمت کی مثال"

وزیراعظم کا نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام:

وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان آبادی عزم، ہمت اور بہادری کی مثال ہے اور ملکی معاشی ترقی میں بنیادی پہیے کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس سال یہ دن مقامی نوجوان آبادی کے لیے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تناظر میں منایا جا رہا ہے۔ نوجوان قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں اور مقامی معیشت میں بھی تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراعظم کے مطابق حکومت نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پالیسیاں مرتب کر رہی ہے۔ قومی مصنوعی ذہانت پالیسی 2025 نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں مدد فراہم کرے گی، جبکہ قومی یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کی ہنرمندی میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی کاروباری اور زرعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے آسان قرضوں کا اجرا کیا گیا ہے اور "اڑان پاکستان" کے تحت کمیونٹی سطح پر نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارمز قائم کیے گئے ہیں۔