وزیراعظم شہباز شریف کا پہاڑوں کے عالمی دن پر پیغام: نوجوان پہاڑوں کے تحفظ میں کردار ادا کریں

وزیراعظم شہباز شریف کا پہاڑوں کے عالمی دن پر پیغام: نوجوان پہاڑوں کے تحفظ میں کردار ادا کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پہاڑ دنیا کے "واٹر ٹاورز" ہیں، جو میٹھے پانی اور صاف ہوا جیسے بنیادی وسائل فراہم کرتے ہیں، مگر موسمیاتی تبدیلی اور غیر پائیدار طرز عمل سے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خطہ دنیا کی 16 بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 کا مسکن ہے، جن میں کے-ٹو اور نانگا پربت جیسی عظیم چوٹیاں شامل ہیں۔ پاکستان 7000 سے زائد گلیشیئرز کا گھر ہے، جو قطبی خطوں سے باہر برف کا سب سے بڑا ذخیرہ ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ اس سال کا موضوع "پہاڑوں کی پائیداری کے لیے حل، جدت، موافقت، نوجوان اور مستقبل" پہاڑوں کے تحفظ میں نوجوانوں کی فعال شمولیت کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے پہاڑوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جن میں نیشنل ماؤنٹین کنزرویشن اسٹریٹجی، ماحولیاتی سیاحت کے فروغ، اور پائیدار ترقی کے اہداف پر کام شامل ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ارلی وارننگ سسٹمز، بائیو انجینئرنگ تکنیک، اور سیلاب سے بچاؤ کی پائیدار تعمیرات کے ذریعے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں محفوظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مزاحم کمیونٹیز کی تعمیر کی جا رہی ہے۔شہباز شریف نے عالمی برادری کے ساتھ مل کر پہاڑوں کے قدرتی ماحول کی حفاظت اور ان کی خوبصورتی کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔