لاہور کے علاقے نصیر آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر میں ملازمت کا بہانہ بنا کر چوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق نصیر آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ٹیلی فون لوکیشنز کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔ گرفتار ملزمان میں شوہر سمیع اللہ اور بیوی ثمینہ شامل ہیں، جو ضلع قصور کے رہائشی ہیں اور واردات کے بعد ایک سال سے لاہور میں روپوش تھے۔پولیس کے مطابق خاتون ملزمہ گلبرگ عسکری 5 میں واقع ایک گھر میں ملازمہ تھی۔ گھر سے نقدی اور گھریلو اشیاء غائب ہونے پر اسے کام سے نکال دیا گیا۔ بعد ازاں ملزمہ نے چوری چھپے گھر کی ڈپلیکیٹ چابی بنا رکھی تھی، جس کی مدد سے دونوں میاں بیوی گھر والوں کی غیر موجودگی میں چوری کر کے فرار ہو گئے تھے۔