ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے اداکارہ ہانیہ عامر کی حالیہ وائرل ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، جس میں اداکارہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
شنیرا اکرم نے انسٹاگرام اسٹوری پر جاری پیغام میں اس طرزِ عمل کو "انتہائی خوفناک" اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور سلیبرٹی اور انفلوئنسر یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے رویے سے گریز کریں جو دوسروں، خصوصاً نوجوانوں کے لیے خطرناک مثال قائم کرے۔انہوں نے کہا:"ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ ہمیں لاکھوں لوگ فالو کرتے ہیں، اور ہمارے اعمال کا دوسروں پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ سوشل میڈیا پر نظر آنے والے خطرناک اسٹنٹس کی نقالی کرتے ہوئے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔"شنیرا اکرم نے تمام انفلوئنسرز اور عوامی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ اپنی حرکات سے نوجوانوں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی سے بڑھ کر کچھ بھی قیمتی نہیں اور ہمیں اپنے فالوورز کی رہنمائی ذمہ داری کے ساتھ کرنی چاہیے۔
انہوں نے شہریوں کو موٹر سائیکل چلانے کے دوران لازمی ہیلمٹ پہننے اور مکمل احتیاط کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا:"اگر آپ اپنے لیے نہیں تو کم از کم اپنے والدین، رشتہ داروں اور ان لوگوں کے لیے احتیاط کریں جو آپ سے محبت کرتے ہیں۔ آپ کی ایک چھوٹی سی غلطی ان کے لیے زندگی بھر کا پچھتاوا بن سکتی ہے۔"واضح رہے کہ چند روز قبل اداکارہ ہانیہ عامر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر رقص کر رہی تھیں۔ اس ویڈیو کو کئی صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور شنیرا اکرم کا ردعمل اسی ویڈیو کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔