ژوب میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 50 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک

ژوب میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 50 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک

ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے سنبالہ (سمبازہ) میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو بھاری نقصان پہنچایا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق 7 سے 11 اگست 2025 تک جاری رہنے والے آپریشنز میں کل 50 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق، 7 سے 9 اگست کے دوران کیے گئے آپریشنز میں 47 خوارج مارے گئے، جب کہ 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 3 دہشت گرد انجام کو پہنچے۔ مارے گئے تمام دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے۔کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جس سے ممکنہ بڑے حملوں کو ناکام بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ آپریشن خفیہ اطلاعات اور بارڈر ایریا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں سکیورٹی فورسز نے علاقہ کلیئر کرایا اور دہشت گرد نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچایا۔ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پاکستان کے امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے۔