ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی قیادت نے آئندہ ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں اور جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انتخابی مہم کے اہم پہلوؤں، امیدواروں کے انتخاب، اور ٹکٹوں کی منصفانہ تقسیم سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے مختلف حلقوں میں انتخابی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی شریک ہوئیں۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں سینیٹر پرویز رشید، احسن اقبال، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ اور امیر مقام شامل تھے۔
اس کے علاوہ مرتضیٰ جاوید عباسی، کیپٹن (ر) محمد صفدر، انوشہ رحمان، ڈاکٹر توقیر شاہ، راشد نصراللہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ شرکاء نے انتخابی مہم میں یکجہتی اور مربوط حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پارٹی کا پیغام بھرپور انداز میں عوام تک پہنچایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) آئندہ چند روز میں ٹکٹوں کی تقسیم کا حتمی اعلان کرے گی، جبکہ پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم جلد از جلد شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔