پاکستان اور بحرین کا منشیات کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق

پاکستان اور بحرین کا منشیات کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق

پاکستان اور بحرین نے منشیات کی روک تھام اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں قریبی تعاون بڑھانے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔

 بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ 10 رکنی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹرز راولپنڈی پہنچے، جہاں ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور دیگر سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارتِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کیپٹن (ر) خرم آغا اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے بحرینی وزیر داخلہ کو منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں ادارے کی آپریشنل کامیابیوں، تربیتی پروگرامز اور منشیات کی طلب میں کمی کے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل اور افرادی قوت کے باوجود اے این ایف نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انسداد منشیات کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

بحرینی وزیر داخلہ نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ انسدادِ منشیات کے حوالے سے تربیتی شعبے اور عملی اقدامات میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے خلیج تعاون کونسل (GCC) ممالک کے مابین اے این ایف کے اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی یقین دہانی کرائی۔