مناواں میں پولیس مقابلہ، بزرگ خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم ساتھی سمیت ہلاک

مناواں میں پولیس مقابلہ، بزرگ خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم ساتھی سمیت ہلاک

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے مناواں میں پولیس اور خطرناک اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے میں بزرگ خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم فراثت علی اپنے ساتھی جون شاہ سمیت ہلاک ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ڈاکو مارے گئے۔ مقابلے کے دوران ایس ایچ او عاطف ذوالفقار معجزانہ طور پر محفوظ رہے، جبکہ فائر کی گئی گولیاں ان کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔حکام کے مطابق ملزم فراثت علی چند روز قبل لاہور کے علاقے غازی آباد میں ایک معمر خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہو گیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ہلاک ملزمان ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ تھے اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔