لڑکی کااغوا ،زیر تربیت اہلکار کی حوالات میں خودکشی

علی منیر عید پر گائوں آیا اور امام مسجد کی بیٹی کو مبینہ اغوا کر لیالڑکی کیبیان سے دلبرداشتہ ہوکربلیڈ سے گلا کاٹ لیا 
بھیرہ(خصوصی رپورٹ)لڑکی کے اغوا کے الزام میں گرفتار ٹریننگ سکول سرگودھا میں زیر تربیت پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر تھانہ بھیرہ کی حوالات میں خودکشی کر لی، بتایا گیا ہے کہ بونگا سرخرو کا 22 سالہ علی منیر 3 تین اپریل کو اپنے گا ئوں عید الفطر منانے آ یا تو اس نے تحصیل کوٹ مومن کے امام مسجد محمد نقی کی جواں سال بیٹی(ت )کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا ، بھیرہ پولیس نے حراست میں لے کر اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا تھا، معلوم ہوا ہے کہ مغویہ نے عدالت میں علی منیر کے خلاف بیان دیا تھا جس پر وہ دل برداشتہ ہو گیا اور رات گئے حوالات میں اس نے مبینہ طور پر بلیڈ سے اپنا گلا کاٹ لیا ،اسے شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ لایا گیا مگر وہ جا نبر نہ ہو سکا ،پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم نے خودکشی سے پہلے ایک تحریر بھی چھوڑی ہے جسے پولیس کی سپیشل برانچ نے تحویل میں لے لیا ہے ، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔