تیمرگرہ میں پولیس کارروائی میںماراجانیوالا موٹرسائیکل سوار کمانڈر حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی شامل،بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے،ذرائع
کوہاٹ کے علاقے شیخان میں دستی بم مسجدکے قریب پھٹا ،دونوں بچوں کی لاشوں اورایک زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،ریسکیو ذرائع
کوہاٹ؍لوئر(آئی این پی ) لوئر دیر میں پولیس نے تیمرگرہ کے قریب دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک کارروائی میں کمانڈرسمیت 2دہشت گرد ہلاک کردئیے جبکہ کوہاٹ میںایک گرنیڈ پھٹنے سے دو بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔تفصیل کے مطابق لوئر دیرکے علاقے تیمرگرہ کے قریب مین شاہراہ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں دو موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد کمانڈر حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی شامل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا دوسرا دہشت گرد تاحال شناخت نہیں ہو سکا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے ممکنہ خطرہ ٹل گیا۔دوسری جانب کوہاٹ میں گرنیڈ پھٹنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنیڈ پھٹنے کا واقعہ علاقہ شیخان میں پیش آیا۔ دھماکا مسجد کے قریب ہوا۔ریسکیو 1122کے مطابق دونوں بچوں کی لاشوں اور تیسرے زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔