افضل خان کی خدمات پاکستان و مسلم کمیونٹی کے لیے نیک فال ہیں: سپیکر پنجاب اسمبلی

رکن برطانوی پارلیمنٹ کی کاوشیں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی،ملک محمد احمد خان
لاہور(سپیشل رپورٹر )  سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن افضل خان کی لاہور آمد پر ان کا پْرتپاک استقبال کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے افضل خان کی پاکستان اور برطانیہ کے عوامی مفادات کے لیے کی جانے والی مخلصانہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ افضل خان نے برطانوی عوام کے بہترین مفادات کے لیے مسلسل محنت کی ہے اور ان کی کاوشیں نہ صرف پاکستان بل کہ پوری مسلم کمیونٹی کے لیے نیک فال ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ افضل خان کی خدمات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ تقریب میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سمیع اللہ خان، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد، ممبر صوبائی اسمبلی پرویز بٹ، سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب  سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی اور افضل خان کی خدمات کو سراہا۔ افضل خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کے لیے اپنی خدمات کو مزید فروغ دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران پاکستان کے سیاسی اور سماجی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر تارکین وطن پاکستانیوں کے کردار اور پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔