خوشخبری: سعودی عرب نے مزید 10 ہزارپاکستانیوں کو حج کی اجازت دیدی

پاکستان نے  حج  کوٹہ بڑھانے کی درخواست ان شہریوں کیلئے کی تھی جو مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن نہیں کرا سکے تھے
 ریاض(آ ئی این پی ) سعودی عرب نے مزید 10 ہزارپاکستانیوں کوحج کی اجازت دے دی۔ اس حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ ہوا۔وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان نے عازمین حج کے لیے حج کوٹے میں اضافے کی خصوصی درخواست کی جسے سعودی حکام نے قبول کرتے ہوئے پاکستان کیلئے حج کوٹے میں توسیع کی منظوری دی۔ وزارت اطلاعات کے مطابق درخواست ان شہریوں کیلئے کی گئی جو مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن نہیں کروا سکے تھے۔وزارت اطلاعات کے حکام کا بتانا ہے کہ اس فیصلے کے بعد مزید 10 ہزار پاکستانی شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔