انسانی وسائل کی برآمدات میں پچھلے پانچ سالوں میں پہلے ہی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا
اسلام آباد اور ریاض معاہدے کی پیروی میں وسیع اقتصادی معاہدے پر دستخط کریں گے: رانا تنویر
ریاض/اسلام آباد (یواین پی) سعودی عرب میں مزید پاکستانیوں کیلئے روزگار کی خوشخبری ہے کیوں کہ حکومت نے مملکت کو افرادی قوت کی برآمدات دوگنا کرنے کی منصوبہ بندی کرلی۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک تاریخی دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد اب پاکستان نے سعودی عرب کو اپنی افرادی قوت کی برآمدات کو دوگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ سعودی عرب کو ملک کی انسانی وسائل کی برآمدات میں پچھلے پانچ سالوں میں پہلے ہی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پاکستان نے 2020ء اور 2024ء کے درمیان 18 لاکھ 80 ہزار کارکن سعودی عرب بھیجے جو کہ 2015ء سے 2019ء کے 15 لاکھ 60 ہزار سے 21 فیصد زیادہ ہے۔بتایا گیا ہے کہ ستمبر میں دونوں ممالک نے ایک تاریخی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جس کا مقصد مشترکہ ڈیٹرنس کو بڑھانا اور کئی دہائیوں کے فوجی اور سکیورٹی تعاون کو گہرا کرنا ہے، پاکستانی حکومت کے اعلیٰ حکام بشمول نیشنل فوڈ سکیورٹی کے وزیر رانا تنویر نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور ریاض دفاعی معاہدے کی پیروی میں ایک وسیع اقتصادی معاہدے پر دستخط کریں گے۔