لاہور میں پتنگ سازی کے لائسنس، مینوفیکچررز کی تصدیق کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

لاہور میں پتنگ سازی کے لائسنس، مینوفیکچررز کی تصدیق کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

لاہور: ضلعی انتظامیہ نے پتنگ سازی کے مینوفیکچرنگ لائسنسز کے اجرا کے لیے تصدیقی عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو پتنگ ساز مینوفیکچررز کے کوائف کی جانچ پڑتال اور مقررہ جگہوں کے معائنے کا عمل فوری مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق 5 ستمبر سے مینوفیکچرنگ لائسنسز کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جبکہ مینوفیکچررز کی تصدیق کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں متحرک کردیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق لائسنس صرف ان مینوفیکچررز کو جاری کیے جائیں گے جو تمام قانونی تقاضے اور مقررہ معیار پورا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے لائسنسنگ کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ مقررہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ غیر قانونی مواد تیار کرنے والے مینوفیکچررز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو محفوظ تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔