کرپشن الزامات: شیخ حسینہ کی بیٹی سائمہ واجد نے ڈبلیو ایچ او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

کرپشن الزامات: شیخ حسینہ کی بیٹی سائمہ واجد نے ڈبلیو ایچ او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

نئی دہلی: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بیٹی اور عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر سائمہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

رائٹرز کے مطابق سائمہ واجد کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈبلیو ایچ او اور بنگلہ دیشی حکام کی جانب سے ان کے خلاف مالی بے ضابطگی، جعلسازی اور دیگر الزامات کی تحقیقات جاری تھیں۔ ڈبلیو ایچ او نے جولائی 2025 میں انہیں بغیر تنخواہ انتظامی رخصت پر بھیج دیا تھا۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق استعفے سے ایک روز قبل ایک کمیٹی نے سائمہ واجد کو عہدے سے برطرف کرنے کی سفارش کی تھی۔ ان پر چین کے سفر سے متعلق مالی بے ضابطگی، تعلیمی اسناد کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرنے اور بنگلہ دیش میں زمین کے غیر قانونی حصول سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے تھے، تاہم سائمہ واجد نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

اپنے استعفے میں سائمہ واجد نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے سے روکا گیا، جبکہ تقریباً ایک سال سے تنخواہ نہ ملنے کے باعث ان کی مالی صورتحال ناقابل برداشت ہوگئی تھی۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او کی قیادت پر اعتماد ختم ہونے کا بھی اظہار کیا۔عالمی ادارۂ صحت کے مطابق سائمہ واجد کے استعفے پر متعلقہ کمیٹی اور ایگزیکٹو بورڈ غور کریں گے۔ نئی ریجنل ڈائریکٹر کے انتخاب تک ڈاکٹر نیلیش بدھا قائم مقام سربراہ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔سائمہ واجد نے 2024 کے آغاز میں ڈبلیو ایچ او کے جنوب مشرقی ایشیا ریجن کی ریجنل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا اور ان کی پانچ سالہ مدت ابھی مکمل ہونا باقی تھی۔