ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جینیفر لارنس نے بالآخر انسٹاگرام کی دنیا میں قدم رکھ دیا، تاہم سوشل میڈیا پر آمد کے ساتھ ہی انہوں نے منفی تبصرے کرنے والے صارفین کو اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں خبردار بھی کردیا۔
’دی ہنگر گیمز‘ کی اسٹار جینیفر لارنس نے 9 ستمبر کو انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا اور 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً 10 لاکھ تک پہنچ گئی۔اپنی پہلی ویڈیو میں اداکارہ نے کہا کہ وہ انسٹاگرام استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن اگر کسی نے ان کے بارے میں کوئی منفی بات کی تو وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے فوراً انسٹاگرام چھوڑ دیں گی۔ انہوں نے مذاقاً یہ بھی کہا کہ اگر کسی نے ان کے بارے میں کوئی بری بات صرف سوچی بھی تو انہیں اس کا پتا چل جائے گا اور وہ سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گی۔بعد ازاں انسٹاگرام اسٹوری میں بھی جینیفر لارنس نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں لکھا کہ برا یا جارحانہ کمنٹ بچے پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، اور وہ بچہ خود ان کی اپنی ذات ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے لیے @jlaw یوزرنیم کا انتخاب کیا، کیونکہ ان کے نام سے متعلق @jenniferlawrence ہینڈل پہلے ہی کسی اور صارف کے پاس موجود تھا۔واضح رہے کہ جینیفر لارنس طویل عرصے تک سوشل میڈیا سے دور رہی ہیں اور ماضی میں شہرت، وائرل انٹرویوز اور میڈیا کی مسلسل توجہ کے باعث اپنی بے آرامی کا اظہار بھی کرچکی ہیں۔