بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کو مبینہ دھمکی آمیز وائس میسج موصول ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو واٹس ایپ پر بھیجے گئے وائس نوٹ میں کروڑوں روپے کا مطالبہ کیا گیا اور بھیجنے والے نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک قرار دیا۔واقعے کے بعد رنویر سنگھ نے فوری طور پر ممبئی پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد رہائش گاہ کے باہر اضافی پولیس اہلکار اور نجی سیکیورٹی گارڈز تعینات کر دیے گئے۔ تکنیکی ٹیمیں وائس نوٹ کے ماخذ کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔یہ دھمکی اس واقعے کے چند روز بعد سامنے آئی جب فلمساز روہت شیٹی کی ممبئی میں رہائش گاہ کے باہر رات گئے فائرنگ کی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق عمارت پر کم از کم 5 گولیاں چلائی گئیں، لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔تفتیشی حکام اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا دونوں واقعات کا کسی طرح تعلق ہے یا نہیں۔ اس سے قبل لارنس بشنوئی گینگ نے روہت شیٹی کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی ذمے داری قبول کی تھی۔