مسقط: عمان کے علاقے خصب کے قریب دو بحری جہاز نامعلوم پروجیکٹائلوں کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں ایک جہاز میں آگ لگ گئی جبکہ دوسرے جہاز کی صورتحال فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی۔
رائٹرز کے مطابق برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ چار نامعلوم پروجیکٹائل عمان کے خصب سے تقریباً 4 ناٹیکل میل مغرب میں دو بحری جہازوں سے ٹکرائے۔میری ٹائم حکام کے مطابق قریب موجود ایک بحری جہاز کے کپتان نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے تقریباً 6 ناٹیکل میل کے فاصلے سے دونوں جہازوں کو پروجیکٹائلوں کی زد میں آتے دیکھا۔حکام کی جانب سے فوری طور پر حملے کے ذمہ داروں یا پروجیکٹائلوں کی نوعیت کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں بحری جہازوں کی سکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حالیہ دنوں میں خطے میں متعدد تجارتی جہازوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔