آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، آگ بھڑک اٹھی

آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، آگ بھڑک اٹھی

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں جہازوں پر زوردار دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔

 ایرانی حکام کے مطابق دونوں جہاز ممنوع قرار دیے گئے بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کررہے تھے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر 16 نومبر 2026 کو ایرانی سرکاری میڈیا پر نشر کیے گئے بیان میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا کہ اتوار اور پیر کے دوران آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے ایسے واقعات میں مجموعی طور پر چھ آئل ٹینکروں میں آگ لگی۔ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ متاثرہ جہازوں نے اپنے ریڈار اور پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور ایرانی حکام کو اطلاع دیے بغیر خفیہ طور پر آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق جہازوں نے بحری ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ہدایات پر عمل نہیں کیا اور انہیں متبادل یا غیر مجاز بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کے دوران بارودی سرنگوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جہازوں کے اس اقدام کے باعث وہ سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے بعد ان میں دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کے مختلف ممالک کو بڑی مقدار میں خام تیل اور دیگر توانائی مصنوعات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس آبی راستے میں بحری جہازوں کو پیش آنے والے واقعات عالمی توانائی منڈی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے بھی تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔