سومی کے علاقے میں روسی ڈرون حملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت مجموعی طور پر تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ صبح تقریباً 4 بج کر 50 منٹ پر شوسٹکا ضلع کی زینوب نوو ہوروڈ کمیونٹی میں ایک رہائشی گھر پر کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 13 سالہ بچہ، اس کے 36 سالہ والد اور 73 سالہ دادی شامل ہیں، جو حملے کے وقت گھر میں موجود تھے۔زخمی ہونے والوں میں 31 سالہ ماں، 13 سالہ بہن اور 10 سالہ بھائی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالا گیا، جبکہ علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اور ابتدائی امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔یہ حملہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں ایک اور سنگین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر بین الاقوامی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے۔