کیوبا میں ایک سال کے دوران پانچویں بار بڑا بریک ڈاؤن، لاکھوں شہری متاثر

کیوبا میں ایک سال کے دوران پانچویں بار بڑا بریک ڈاؤن، لاکھوں شہری متاثر

کیوبا میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جس کے باعث لاکھوں شہری اندھیرے میں ڈوب گئے۔

یہ بریک ڈاؤن ایک سال کے دوران پانچویں مرتبہ سامنے آیا ہے جس نے عوامی زندگی کو شدید متاثر کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بجلی کی فراہمی اچانک منقطع ہوگئی، جس سے دارالحکومت سمیت متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور روزمرہ کے معمولات درہم برہم ہوگئے۔کیوبا کی وزارتِ توانائی نے اپنے بیان میں کہا کہ بجلی کے نظام کا مکمل رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کی ممکنہ وجہ انتونیو تھرمو الیکٹرک پاور پلانٹ کا غیر متوقع طور پر بند ہونا ہے۔ وزارت کے مطابق بریک ڈاؤن صبح 9 بجے کے بعد ہوا اور اس کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کیوبا گزشتہ تین دہائیوں سے شدید معاشی بحران کا شکار ہے، ایندھن کے وسائل کی کمی اور بجلی کے پرانے انفراسٹرکچر کے باعث ملک میں بار بار بریک ڈاؤن معمول بن چکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اگرچہ کیوبا میں چین کی مدد سے 30 سولر پارکس قائم کیے گئے ہیں، لیکن بجلی کے بحران پر قابو پانے میں اب تک خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔