یوکرین میں تکنیکی خرابی کے باعث بڑے پیمانے پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دارالحکومت کیف سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے وزیرِ توانائی نے بتایا ہے کہ یوکرین، مالدووا اور رومانیہ کے درمیان قائم بین الاقوامی ٹرانسمیشن لائن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا۔ ان کے مطابق خرابی کے بعد پورے ملک میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔یوکرینی وزیرِ توانائی کا کہنا تھا کہ دارالحکومت کیف کے علاوہ کم از کم تین دیگر علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بند ہو گئی، جبکہ متعدد شہروں میں جزوی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کے لیے تکنیکی ٹیمیں کام کر رہی ہیں تاہم صورتحال کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔واضح رہے کہ روس کے ساتھ جاری جنگ کے دوران یوکرین کا توانائی کا نظام پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ رواں ماہ کے وسط میں روسی حملوں کے نتیجے میں کئی بجلی گھر تباہ ہو گئے تھے، جس سے پاور انفراسٹرکچر کو بڑا نقصان پہنچا۔
میزائل اور ڈرون حملوں کے باعث یوکرین کا توانائی نظام بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں سردیوں کے دوران لاکھوں شہری بجلی سے محروم ہو گئے تھے۔ ان حملوں کے بعد یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی نے بتایا تھا کہ صرف کیف اور اس کے مضافات میں ہی کئی لاکھ گھرانوں کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ تکنیکی خرابی کے پس منظر اور ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ بجلی کی مکمل بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔