سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قطر پر اسرائیل کے حملے کی مذمت، خطے میں یکجہتی کا اظہار

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قطر پر اسرائیل کے حملے کی مذمت، خطے میں یکجہتی کا اظہار

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مجلس شوریٰ کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں قطر پر اسرائیل کے حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ سعودی عرب ہر حال میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ ایسی جارحیت کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ "غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور کوئی طاقت فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم نہیں کر سکتی"۔

خطے میں عرب یکجہتی
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان دوحہ پہنچے، جہاں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ دورہ قطر کے ساتھ یکجہتی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔قطر کے وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کو "ریاستی دہشت گردی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوحہ کو اس جارحیت کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔عرب دنیا کے دیگر رہنماؤں، بشمول مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم، نے بھی قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیل کے اقدامات خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔
اسرائیلی حملے کی تفصیلات
ایک روز قبل اسرائیل نے دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ اس حملے میں خلیل الحیا کے بیٹے سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ حماس کا دفتر تباہ کیا گیا۔ تاہم، حماس کی مرکزی قیادت محفوظ رہی۔